بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے نیا فلائٹ شیڈول جاری
بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے نیا فلائٹ شیڈول جاری، 10 جون تک ملکی اور غیر ملکی 79 پروازیں چلائی جائیں گی، نئے شیڈول کے تحت 79 ملکی اور غیر ملکی پروازوں کے ذریعے 20 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے نیا فلائٹ شیڈول جاری کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کے ایس او پیز میں تبدیلی کے بعد پروازوں کا شیڈول تبدیل کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے ملکی اور غیر ملکی پروازوں کے ذریعے 20 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔ آئندہ ہفتے قومی ایئر لائن کے ذریعے ساڑھے 13 ہزار جبکہ غیر ملکی ایئر لائنز سے ساڑھے 6 ہزار سے
زائد پاکستانیوں کی وطن واپسی ہو گی۔
10 جون تک ملکی اور غیر ملکی کل 79 پروازوں چلائی جائیں گی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ قومی ائیرلائن 52 پروازوں کے ذریعے ساڑھے 13 ہزار پاکستانیوں کی وطن واپس لائے گی۔ جبکہ غیر ملکی ایئرلائنز کی 27 پروازچلائی جائیں گی۔ غیر ملکی ایئرلائنز سعودی عرب سے 13 اور متحدہ عرب امارات سے 34 پروازیں چلائیں گی۔ سعودی عرب سے ساڑھے 4 ہزار، متحدہ عرب امارات سے 8 ہزار اور قطر سے 3 ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپس آئیں گے۔
اس کے علاوہ چین اور برطانیہ سے 2، 2 پروازیں، امریکا، کینیڈا، فرانس، ملائیشیا، عراق، بحرین، سپین، مسقط، تھائی لینڈ اور عمان سے ایک ایک پرواز پاکستانیوں کے لے کر وطن واپس آئے گی۔ یہاں یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ پاکستانیوں کی واپسی کیلئے 3 خصوصی پروازیں بھی آپریٹ ہونگی جن کے ذریعے مجموعی طور پر 4 ہزار پاکستانیوں کی واپسی ہوگی۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 2 روز قبل حکم دیا تھا کہ بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کو جلد سے جلد وطن واپس لانے کے انتظامات کیے جائیں۔
Comments
Post a Comment